آج سے مزید موسلادھار بارشیں، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

01:41 PM, 1 Aug, 2024

ویب ڈیسک: پی ڈی ایم اے نے اپنے حالیہ الرٹ میں خبردار کیا ہے کہ آج سے مزید موسلادھار بارشیں شروع ہورہی ہیں۔ اس حوالے سے ایک مراسلہ بھی متعلقہ اداروں کو ارسال کردیا گیا ہے۔ 

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے مون سون بارشوں کا ایک اور نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ کل شب سے بحیرہ عرب سے مزید مون سون ہوائیں صوبے کے بالائی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں۔

جس کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، خیبر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کا یہ نیا سلسلہ 6 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث صوبہ کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی، فلش فلڈ، اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو گرد آلود ہوائیں/ آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ 

تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ کسان حضرات موسمیاتی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم  کئے جائیں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پردیں۔

پی ڈی ایم اے کے بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے اعدادوشمار جاری: 

پی ڈی ایم اے کی جانب سے پچھلے تین روز کے دوران جھکڑ /تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں پچھلے تین روز کے دوران 24 افراد جانبحق جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 6 مرد 6 خواتین اور 12 بچے جبکہ زخمیوں میں 8 مرد 3 خواتین اور 6 بچے شامل ہیں۔ تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر 150 گھروں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 77 گھروں کو جزوی اور 73 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ 

تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، کوہستان اپر و لوئر ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات، چارسدہ، صوابی، مھمند، ساوتھ وزیرستان اور ہنگو میں رونما ہوئے۔ 

متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری، بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشنری کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ 

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین میں امدادی سامان کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے، متعلقہ ادارے اور تمام ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جب تک حالات معمول کے مطابق نہ ہو سیاح سیاحتی مقامات کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام/سیاح کسی بھی ناخوشگوار  کی اطلاع، موسمی صورتحال ، سٹرکوں کی بندش اور رہنمائی کے لیے 1700 رابطہ پر رابطہ کریں۔

مزیدخبریں