عظمی بخاری ویڈیو کیس:فلک جاوید کو نو ٹس، امریکا سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیل طلب

02:18 PM, 1 Aug, 2024

 ویب ڈیسک : عظمی بخاری کی جعلی ویڈیو کیس ، ایف آئی اے کا امریکا سے رابطہ ، فلک جاوید کو  آج ایف آئی اے سائبر ونگ میں پیش ہونے کا حکم  دیدیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق  ایف اے آئی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی متحرک کارکن   فلک جاوید کے گھر کے باہر نوٹس چسپاں کیا گیا ہے جس میں انہیں یعنی فلک جاوید کو آج 12 بجے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔

  فلک جاوید کے وکلاء اور والدہ دوپہر دو بجے ایف آئی اے سائبر ونگ میں پیش ہو گئیں  ۔ 

اس موقع پر  ان کے وکلا نے بتایا کہ  ہماری ایف آئی اے سے تفصیلی بات ہوئی ہے ۔ ہم نے ان سے پوچھا ہے کہ الزام کیا ہے جبکہ ویڈیو بھی انہوں نے اپلوڈ نہیں  کی۔

خدیجہ صدیقی وکیل کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی انتقام لینے والا کیس ہے ۔ ہم نے ایف آئی اے سے پوچھا ہے کہ کوئی یو آر ایل ہی بتا دیں  جس پر   ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ وہ اکاونٹ کی تصدیق فلک جاوید سے کرنا چاہتی ہے ۔ 

 وکلا کا کہنا تھا کہ  قوانین کے تحت فلک پیش نا بھی ہو تو خاتون ہونے کے ناطے والدین   ،بھائی کے زریعے جواب جمع کروا سکتی ہے

  ایف آئی اے کی جانب سے گذشتہ روز فلک جاوید کو نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم کیونکہ وہ گھر پر نہیں تھیں اس لئے نوٹس ان کے گھر کے گیٹ پر چسپاں کر دیا گیا تھا۔

 دوسری طرف ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کاروسیع کردیا ہے اور 

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات کے حصول  کے لیے بذریعہ انٹر  پول امریکی حکومت سے رابطہ کر لیا۔

 حکام کا کہنا ہے تحریک انصاف کی کارکن فلک جاوید اور ویڈیو اپ لوڈ کرنے والے دیگر اکاؤنٹس کی تفصیل امریکی حکومت سے مانگی گئی ہے۔ 

اسی طرح   ایف آئی اے نے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس جہاں جعلی ویڈیوز اپ لوڈ کی گئیں انکی شناخت کے لیے نادرہ کو بھی مراسلہ لکھ دیا ۔ نادرہ سے ان اکاؤنٹس ہولڈرز کی شناخت کے بعد ان افراد کے خلاف کاروائی کی جائے گی   کیونکہ ایک اطلاع کے مطابق عظمی بخاری کی ویڈیوز اوورسیز پاکستانیوں کے اکاؤنٹس سے بھی اپ لوڈ کی گئیں ۔

مزیدخبریں