’اسمگلنگ کے باعث معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے‘

12:22 PM, 1 Dec, 2021

شازیہ بشیر
اسلام ( پبلک نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء شیخ رشید، اسد عمر، خسرو بختیار، سید فخر امام، حماد اظہر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک، چیرمین ایف بی آر، سینیئر سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔ گندم، یوریا، چینی، آٹا اور پیٹرول کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات لیئے جائیں۔ اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں فرق اسمگلنگ کی وجہ بنتی ہے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ اسمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ ایف آئی آے نے ڈالر کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ہولڈنگ کے خلاف وسیع تحقیقات کی ہیں۔ بارڈر کراسنگز پر افرادی قوت بڑھائی جا رہی ہے تاکہ مال کی چیکنگ اور نقل و حرکت کی ٹریکنگ ممکن ہو سکے۔ غیر قانونی پیٹرول کی اسمگلنگ کو روکنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف آپریشن میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
مزیدخبریں