این اے 133: ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اسکیم اور سکیورٹی پلان تیار

06:25 PM, 1 Dec, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور ضلعی صدر پرویز ملک کی وفات سے خالی ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ اسکیم اور سکیورٹی پلان تیار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کا مضبوط حلقہ انتخاب لاہور کا این اے 133، حکمران جماعت تحریک انصاف معرکے سے باہر، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔این اے 133پوش اور گنجان دونوں طرح کی آبادیوں پر مشتمل ہے جن میں جوہر ٹاون، ماڈل ٹاون ایکسٹینش، لیاقت آباد، فیصل ٹاون، کوٹ لکھپت، ٹاون شپ، گرین ٹاون اور وفاقی کالونی و دیگر علاقے شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق اس حلقے میں کل ووٹروں کی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار 485 ہے جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 6 ہزار 927 اور مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 558 ہے۔الیکشن کے لیے 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جا رہے ہیں جن میں ایک سو مردوں اور ایک سو خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ جبکہ 55 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بنائے جا رہے ہیں۔ 831 پولنگ بوتھ میں 436 مردوں اور 395 خواتین کے لئے ہوں گے۔ سکیورٹی کے لیے پولیس کے علاوہ رینجرز بھی تعینات کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
مزیدخبریں