پنجاب اسمبلی کب تحلیل کی جائے؟ حتمی فیصلہ آج متوقع
10:14 AM, 1 Dec, 2022
لاہور: پنجاب اسمبلی کب تحلیل کی جائے؟ حتمی فیصلہ آج عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کی ملاقات میں متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی جبکہ چودھری پرویز الٰہی عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اہم سیاسی رہنماوں کی ملاقاتیں جاری ہیں، عمران خان زمان پارک لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق ہفتے کے روز خیبرپختونخوا کے اراکین کی عمران خان سے ملاقات شیڈول ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی کمیٹی نے صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں۔ پی ٹی آئی وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت اجلاس ہوا، میاں اسلم اقبال، محمود الرشید، حماد اظہر اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ارکان شریک ہوئے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل دوپہر ڈھائی بجے 90 شاہراہِ قائداعظم ایوان وزیراعلیٰ میں ہو گا جس میں ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔