ویب ڈیسک: ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ کئی شہروں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں موسم بدستور گرم رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھو ہار میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
مری، گلیات میں رات کے اوقات میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، خیبرپختونخوا میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں اسموگ اور دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرما کی آمد کا اعلان کردیا، بالائی علاقوں میں برفباری سے وادیوں کا حسن مزید نکھرگیا جبکہ یخ بستا ہواؤں نے ڈیرے جمانا شروع کردیے۔
بلوچستان میں زیارت، پشین، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور خضدار میں بارش ہوئی، بلوچستان سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے سندھ کا موسم بھی تبدیل کردیا جبکہ جیکب آباد، قمرشہداد کوٹ میں بارش سےعوام کے چہرے کھل اٹھے۔
سیاحوں کے ناران سے آگے جانے پر پابندی
پنجاب میں چنیوٹ، سیالکوٹ، علی پور اور ملحقہ علاقوں میں رم جھم نے موسم گرما کی چھٹی کردی، شدید برفباری کے باعث ناران میں سیاحتی سیزن اختتام پزیر ہوگیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے ناران سے آگے جانے پر پابندی لگادی۔
سیاحتی مقام ناران اور اس سے آگے جانے پر پابندی
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 6 تک جاپہنچا۔
گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان
آج شمالی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھو ہار میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے چند میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے اوقات میں اسموگ اور دُھند چھائے رہے گی۔
کراچی میں دن کے اوقات میں موسم بدستور گرم رہے گا
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں دن کے اوقات میں موسم بدستور گرم رہے گا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد ہے۔
ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی شہر کا فضائی معیار مضر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 199 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔