ڈاکوؤں نے لڑکی سے محبت کا جھانسہ دیکر نوجوان کو اغواء کرلیا
02:23 PM, 1 Feb, 2022
پبلک نیوز: ڈاکوؤں نے لڑکی سے محبت کے جال میں پھنساکر نوجوان کو تاوان کے لیے اغواء کرلیا، مظفرگڑھ کا ایک اور نوجوان پنجاب اور سندھ کے بارڈر کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، ڈاکوئوں نے نوجوان کی رہائی کے ایک کروڑ روپے تاوان مانگ لیا، مغوی نوجوان کو زنجیروں سے جکڑ کر تشدد کی ویڈیو بھی جاری کردی۔ تفصٰلات کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے نوجوان کو ڈاکوئوں نے لڑکی سے موبائل فون پر بات چیت کراکر محبت کا جھانسہ دیکر تاوان کے لیے اغواء کرکے زنجیروں سے جکڑ دیا ہے جبکہ نوجوان ایوب کو ڈاکوئوں نے اغواء کرکے اسکے گھر والوں سے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا ہے۔ پبلک نیوز کے مطابق ڈاکوؤں نے نوجوان کو زنجیروں سے باندھ کر تشدد کی ویڈیو بھی گھر والوں کو بھیجی ہے۔ مغوی نوجوان کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ڈاکو نوجوان پر تشدد کررہے ہیں۔ مغوی نوجوان کو لڑکی کے ذریعے فون کال پر محبت کا جھانسہ دیکر صادق آباد بلوایا گیا اور اغواء کرکے قید کرلیا گیا.