ایف بی آر نے 2021 میں مقررہ ہدف سے زیادہ ٹیکس وصول کرلیا
06:20 PM, 1 Jan, 2022
لاہور ( پبلک نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سال دو ہزار اکیس میں مقررہ ہدف سے دو سو ستاسی ارب روپے زیادہ ٹیکس وصول کرلیا۔ اعلامیے کے مطابق سال دو ہزار اکیس میں جولائی تا دسمبر دو ہزار نو سو بیس ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا جو دو ہزار چھ سو تینتیس ارب کے ہدف سے دو سو ستاسی ارب روپے یا بتیس اعشاریہ پانچ فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اسی مدت میں بائیس سو چار ارب روپے ٹیکس جمع ہوا تھا۔ دسمبر دو ہزار اکیس میں 600 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا جو دسمبر د و ہزار بیس میں ہونے والے ریونیو سے اٹھارہ فیصد زیادہ ہے۔ ایف بی آر کے مطابق جولائی تا دسمبر دو ہزار اکیس کے دوران ایک سو اڑتالیس ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے جو سال دو ہزار بیس میں ایک سو گیارہ ارب روپے کے ریفنڈز سے سینتیس ارب روپے یا تینتیس فیصد زیادہ ہے۔