’اس سال برآمدات نے نیا ریکارڈ بنایا ہے‘
08:25 AM, 1 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) مشیر تجارت رزاق دائود نے کہا ہے کہ اس سال برآمدات نے نیا ریکارڈ بنایا ہے ،اس سال برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ،گزشتہ مالی سال میں 25 ارب 30 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہوئیں ۔ مشیر تجارت رزاق داؤد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون کے مہینے میں 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ برآمدات ہوئیں ،اس مہینے ازبکستان جائیں گے ،اس سال کوویڈ بھی تھا، باہر جانے کے بھی مسائل تھے ،اس کے باوجود ریکارڈ برآمدات ہوئیں ،میں برآمد کنندگان کو سیلوٹ کرتا ہوں،برآمدات میں اضافے میں وزیر اعظم، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کا بھی اہم کردار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال خدمات کی برآمدات سے چھ ارب ڈالر کی آمدن ہوئی ہے ،خدمات میں آئی ٹی کا حصہ دو ارب ڈالر ہے ،گزشتہ مالی سال آئی ٹی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا ،حکومت نے ٹیرف میں خامیوں اور کوتاہیوں کو ختم کیا ،ٹیرف ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے نہیں ہوتا بلکہ صنعتی ترقی کیلئے استعمال کرنا ہوتا ہے ۔ مشیر تجارت نے کہا کہ وزیر اعظم کی مہربانی کہ انھوں نے ٹیرف ایف بی آر سے نکال کر وزارت تجارت کے حوالے کر دیا،وزارت تجارت نے ٹیرف کو صنعتی بحالی کیلئے استعمال کیا ،ٹیرف کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے ،یہ ایک سال میں نہیں ہو سکتا ،کسٹمز بک میں 7 ہزار ٹیرف لائنز ہیں ،گزشتہ تین سالوں میں 6 ہزار ٹیرف لائنز تبدیل کی گئیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خام مال اور مشینری کی 42 فیصد درآمدات ڈیوٹی فری ہو گئی ہے ،ٹیرف میں ابھی بھی مزید کمی کی ضرورت ہے ،اگلے سال زراعت آئرن واسٹیل اور وئیر ہاؤسنگ کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی ،رواں مالی سال میں فارماسیوٹیکل ، فٹ ویئر ، ٹورزم ، فوڈ پراسیسنگ ، اور فائبر آپٹکس کے ٹیرف میں کمی کی ہے ۔