سدھو موسے والا کی تصویر کا پوسٹر، زین قریشی کا رد عمل سامنے آگیا
09:03 AM, 1 Jul, 2022
پنجابی زبان کے مقبول گلوکار اور سیاستدان جن کا تعلق انڈیا سے ہے ان کے قتل کو تقریباً ایک ماہ ہو چکا ہے اور ان کے قتل کے بعد پاکستان میں ان کے مداحوں کی جانب سے اُن کی تصاویر مختلف انداز میں سامنے آتی رہی ہیں لیکن حال ہی میں سدھو کی ایک تصویر انتہائی دلچسپ انداز میں سامنے آئی کہ جس نے سب کو حیران کر دیا، ہوا کچھ یوں کہ زین قریشی کے الیکشن پوسٹر پر سدھو موسے والا کی تصویر تھی کہ جو سوشل میڈیا پر انتہائی تیزی سے وائرل ہوئی اور اب ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اس پوسٹر کی کہانی کا قصہ عیاں ہوا ہے کہ جو کافی دلچسپ ہے۔ حال ہی میں قتل کیے جانے والے پنجابی زبان کے مقبول ترین گلوکار سدھو موسے والا کی تصویر ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں آویزاں پوسٹر پر دیکھی گئی تھی۔ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے پوسٹر پر سدھو موسے والا کی تصویر شائع ہوگئی تھی جو کے پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ اس تصویر نے سدھو کے فینز کو تشویش میں مبتلا کردیا اور سوشل میڈیا پر وائرل تصویر پر مداحوں کی طرف سے مختلف تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ وائرل پوسٹر پی ٹی آئی کے ملتان کے حلقے پی پی 217 سے امیدوار زین قریشی کی الیکشن مہم کا ہے جس میں زین قریشی کے ساتھ پوسٹر پر سدھو موسے والا کے سپر ہٹ گانے ’295‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گلوکار کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔اس کے علاوہ پوسٹر پر زین قریشی کی تصویر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے چند عہدیداران کے نام اور تصویریں شائع ہیں۔ نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے پوسٹر کے حوالے سے زین قریشی نے لاعلمی کا اظہار کیا۔اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ جس نے بھی سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ اس تصویر کی وجہ سے پوسٹر بہت زیادہ وائرل ہوگیا ،اس سے پہلے ہمارا کوئی پوسٹر اتنا وائرل نہیں ہوا۔ زین قریشی کے مطابق وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس نے سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اور اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے۔