جماعت اسلامی کا  12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان 

04:36 PM, 1 Jul, 2024

سلیمان چودھری

(ویب ڈیسک )  سلیمان چودھری: جماعت اسلامی نے   12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان  کردیا۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف دھرنا ہو گا۔ 

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ  ملک میں شدید بحران ہے ، بجلی کے بل بموں کی طرح آ کر گرے ہیں ، خواتین زیورات بیچ کر بل ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 15 جولائی سے مزید مہنگائی میں اضافہ ہو گا ، عوام کو مزید ٹیکسز کے بوجھ تلے دبانا چاہتے ہیں ۔ جاگیرداروں سے ٹیکس نہیں لیا جا رہا ، آئی پی پی والوں کی عیاشیاں لگی ہوئی  ہیں ،ہزاروں ارب روپے لوٹ  لیے گئے ہیں ۔وزیر اعظم اعزاز سے کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بنایا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ   عوام کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر نہیں چھوڑ سکتے، ملک گیر ہڑتال پر مشاورت کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی ۔ بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف دھرنا ہو گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پروفیشنل ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں ، پروفیشنل ملک میں نہیں رہیں گے تو  پاکستان کو کون چلائے گا، بد امنی، مہنگائی سے ستائےلوگ ملک سے جا رہے ہیں ، امن، تعلیم اور صحت خرید کر لینے تو نوجوان میں باہر جانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے ، بجلی کے بل اور ٹیکس کم کرے، حق دو عوام کو تحریک شروع کر رہے ہیں ، تاجر، صعنت کار اور تنخواہ دار طبقہ دھرنے میں ساتھ دے ۔ پاکستان کسی انارکی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،حکومت کے پاس بل اور ٹیکسز میں کمی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

مزیدخبریں