ویب ڈیسک: بھارت کے مصروف ترین شہر ممبئی کے قریب 7 افراد پر مشتمل ایک خاندان پانی کے تیز ریلے میں بہہ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاندان کے 7 افراد کے ریلے میں بہنے کا واقعہ ممبئی کے قریب لونا والا میں پیش آیا، جہاں ایک فیملی چھٹیاں منانے ہل اسٹیشن گئی ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دیگر سیاحوں کی طرح متاثرہ فیملی بھی بھشی ڈیم کا واٹر فال دیکھنے گئی تھی تاہم مسلسل موسلا دھار بارش کے باعث ڈیم اوور فلو کرگیا جس سے نکلنے والے پانی نے ریلے کی صورت اختیار کر لی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فیملی کے افراد پانی کے ریلے میں ایک چٹان پر پھنسے ہوئے ہیں اور ان کے اردگرد سے پانی تیز بہاؤ کے ساتھ نیچے کی طرف جا رہا ہے۔
دیکھا جا سکتا ہے کہ پانی میں پھنسی فیملی نے ایک دوسرے کو مضبوطی سے پکڑ رکھا ہے لیکن دیکھتے ہی دیکھتے پانی کا تیز بہاؤ ایک ایک کر کے سب کو بہا لے جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پانی کے تیز بہاؤ میں ڈوبنے والے 7 افراد میں سے 3 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دو افراد تیر کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے اور باقی دو کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔