کیا ٹرمپ کی سازشی تھیوری پر جوبائیڈن کو یقین ہو گیا ؟
08:50 AM, 1 Jun, 2021
واشنگٹن ( ویب ڈیسک )امریکی صدر بھی ٹرمپ کے راستے پر چل نکلے ٗ وہ بھی ان خطوط پر سوچ رہے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ کورونا وائرس چین کی لیبارٹری میں تیار کیا گیا جبکہ سابق امریکی صدر اپنی اسی تھیوری کی وجہ سے بہت تنقید کا نشانہ بنائے گئے تھے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ ہفتے سی آئی اے کو یہ ہدایات جاری کی تھیں کہ یہ معلوم کیا جائے کہ آیا کورونا وائرس کیسے پیدا ہوا اور اس کا آغاز کیسے ہوا ؟ امریکی صدر کی طرف سے اس حکم کے بعد یورپی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہیں تھیں کہ کہیں امریکی صدر بھی ٹرمپ کی طرح ’’ کورونا وائرس لیک‘‘ تھیوری پر یقین تو نہیں کرنے لگے ہیں جس میں یہ یقین کیا جاتا ہے کہ کورونا وائرس ووہان کی ایک لیبارٹری میں تیار کیا گیا اور وہاں سے لیک ہو گیا۔ امریکی صدر جوبائیڈن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی دو ممکنات پر تفتیش کرے گی ٗ کورونا وائرس قدرتی طورپر پیدا ہوا یا یہ لیبارٹری میں ہونے والے کسی حادثہ کا نتیجہ ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب امریکی صدر نے ان خطوط پر تفتیش کی حکم دیا ہے مگر جب ٹرمپ ایسی باتیں کیا کرتے تھے وہ انہیں تنقید کا نشانہ بنایا کرتے تھے۔