وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مولانا طارق جمیل کی ملاقات
11:32 AM, 1 Jun, 2021
لاہور (پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے اقدامات بات چیت۔ مولانا طارق جمیل نے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارکی قیادت میں پنجاب حکومت کے دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ مولانا طارق جمیل نے خصوصی دعا بھی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مولانا طارق جمیل! اللہ تعالیٰ آپ کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں ہی سکون اوراطمینان ہے۔ پنجاب حکومت عام آدمی کی فلاح وبہبودپرپوری طرح فوکس ہے۔ آج تک کسی مخالف کے ساتھ بھی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ میرا اورمیری حکومت کا مشن دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ریسکیو 1122کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا ہے۔ پنجاب میں ایئر ایمبولینس چلانے کی تجویززیر غور ہے۔ میری خواہش ہے کہ اس تجویز کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے۔انھوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کے شروع ہونے سے سیلاب،آتشز دگی اوردیگر قدرتی آفات میں لوگوں کو ریسکیو کرنے میں مدد ملے گی۔ کورونا وباء کے دوران علمائے کرام کا تعاون لائق تحسین ہے۔ حکومت علمائے کرام کی قومی اوردینی خدمات کی معترف ہے۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ علماء کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔ انتہاپسندی کے خلاف فکری اور نظریاتی جنگ میں بھی علمائے کرام کا کردارقابل تحسین ہے۔