آسمانی بجلی گرنے سے 3 بہنوں کا اکلوتا 7 سالہ بھائی جاں بحق
03:30 PM, 1 Jun, 2021
نارنگ منڈی (پبلک نیوز) نواحی گاؤں شادی متہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3 بہنوں کا اکلوتا 7 سالہ بھائی جاں بحق ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 3بہنوں کا اکلوتا بھائی 7سالہ علی اپنے والدین کے ہمراہ اپنے ہی گاؤں میں شادی پر آیا ہوا تھا کہ اچانک موسمی صورت حال خراب ہونے کی وجہ سے افراتفری مچ گئی جس پر والدین تو محفوظ مقام پرمنتقل ہو گئے لیکن بچہ افراتفری کے دوران بچھڑ گیا۔اچانک گاؤں سے باہر کھلے میدان میں آسمانی بجلی گرنے سے کمسن بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ بچے کی شناخت علی والد شرافت کے نام سے ہوئی ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ علی کا والد محنت مزدوری کر کے اپنے اہل وعیال کا بڑی مشکل سے پیٹ پالتا تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ معصوم بچے کی موت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔