اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، سبسڈی والی گندم سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

10:16 AM, 1 Mar, 2021

شازیہ بشیر

لاہور (پبلک نیوز) صوبائی دارالحکومت میں اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، سبسڈی والی گندم سے بھرا ٹرک پکڑا گیا۔ محکمہ خوراک اور فلور ملز کا گٹھ جوڑ بے نقاب۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں اینٹی کرپشن نے کارروائی کے روران سبسڈی والی گندم سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لودھراں محمد اصغر ، انسپکٹر فوڈ محمد حنیف دیگر عملے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پاکستان فلور مل دنیا پور کے مالک محمد دلدار پر بھی پرچہ درج کر لیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن لودھراں نے سرکاری گندم سے بھرا ٹرک کو اوپن مارکیٹ میں بیچنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ اینٹی کرپشن نے 92 لاکھ سے زائد مالیت کی سرکاری گندم برآمد کر لی۔

گندم پاکستان فلور مل کو محکمہ خوراک دنیا پور سینٹر سے جاری کی گئی تھی۔ فلور مل کو سبسڈی والی گندم پسائی کے بعد حکومت کے متعین کردہ ریٹ پر آٹا بیچنے کے لئے دی گئی تھی۔ فلور مل کا ٹرک پسائی کے بغیر اوپن مارکیٹ میں گندم فروخت کرنے جا رہا تھا۔ ٹرک کو قبضہ میں لے کر معاملے کی چھان بین کے لئے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

مزیدخبریں