بدعنوانی پر سرکوزی کو دو ساتھیوں سمیت قید کی سزا
02:57 PM, 1 Mar, 2021
پیرس (ویب ڈیسک) فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی کو بدعنوانی کے الزام میں دو ساتھیوں سمیت تین سال کی قید کی سزا سنا دی گئی ہے تاہم دو سال کی سزا معطل ہونے کے بعد اب وہ ایک سال جیل میں گزاریں گے۔تفصیلات کے مطابق فرانس کے سابق صدر نکولس سرکوزی پر یہ الزام ثابت ہو گیا ہے کہ انہوں نے ایک جج کو اپنی سیاسی پارٹی کی مجرمانہ تفتیش میں رعایت کے بدلے موناکو میں ایک بڑی نوکری کی پیشکش کی تھی۔سرکوزی کے وکیل تھیری ہرزوگ اور ایزربرٹ بھی اس کے اس جرم میں شریک ہونے کی وجہ سے اب جیل کی ہوا کھائیں گے۔ سرکوزی کو ملنے والی یہ سزا وہ گھر پر نظر بندی کی صورت میں بھی پوری کر سکتے ہیں۔اپنے فیصلے میں فرانس کی عدا لت کے جج نے لکھا کہ سرکوزی چاہیں تو جیل کے بجائے اپنے گھر میں الیکٹرانک ٹیگ لگا کر یہ سزا پوری کر سکتے ہیں اور انہیں اپنی سزا کیخلاف اپیل کا موقع بھی فراہم کیا گیا ہے۔