پاکستان اور انڈونیشیا کی باہمی تجارت میں 56 فیصد اضافہ

06:26 AM, 1 Mar, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستان اور انڈونیشیا کی باہمی تجارت میں 2021ء کے دوران کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود 56 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انڈونیشیا کے سفارتخانہ کی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم 3 اعشاریہ 9 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ 2020ء میں پاکستان اور انڈونیشیا کی دو طرفہ تجارت کا حجم 2 اعشاریہ پانچ ارب ڈالر رہا تھا۔ اس طرح 2020ء کے مقابلہ میں گذشتہ سال کے دوران پاکستان اور انڈونیشیا کی باہمی تجارت کے حجم میں 56 فیصد سالانہ یعنی ایک اعشاریہ چار ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں 2018ء کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت 3 اعشاریہ ایک ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اور انڈونیشیا کی تجارتی سفارتکاری کے اقدامات کے تحت بنائے گئے ویب پورٹل کے ذریعے دو طرفہ تجارت کے فروغ میں مدد مل رہی ہے۔ 2021ء کے دوران ویب پورٹل کے ذریعے 123 انڈونیشی کمپنیوں جبکہ 115 پاکستان کمپنیوں نے مختلف معلومات حاصل کیں۔ اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کی نجی کمپنیوں کی براہ راست تجارت کے حجم میں 9 اعشاریہ 84 ملین ڈالر اضافہ ہوا ہے۔
مزیدخبریں