اسدعمر،علی نوازاورخرم نواز کی استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل
07:57 AM, 1 Mar, 2023
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) رہنماؤں اسد عمر، راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے روک دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے تین پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی ۔ راجہ خرم شہزاد ، اسد عمر، اور علی نواز اعوان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر علی گوہر عدالت میں پیش ہوئے ۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ پہلے آپ کہہ رہے تھے کہ استعفیٰ منظور نہیں کیا جا رہا ہے اور اب آپ کہہ رہے کہ غلط منظور کیا ہے ، اس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپیکر اور الیکشن کمیشن نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے صرف نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا ہوا ہے ؟، بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ ہم واپس اسمبلی جانا چاہتے ہیں ، لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے ممبران کے استعفوں سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے ، اسلام آباد کے 3 ممبران کی حد تک ہی ہم نے یہاں رجوع کیا ہے، قومی اسمبلی کے ممبران سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں بھی زیر سماعت ہیں ۔ بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا ہے ، عدالت نے اسلام آباد میں ضمنی انتخابات کا بھی نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے اور فریقین کو نوٹسسز جاری کر کے جواب طلب کرلیا ہے۔