’عمران خان کے استقبال کیلیے آنے والے لوگوں کو دہشتگرد قرار دے دیا گیا‘ ، فواد چوہدری

08:31 AM, 1 Mar, 2023

احمد علی
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے استقبال کے لیے آنے والے افراد کو دہشتگرد قرار دے دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے گذشتہ روز اسلام آباد کی عدالتوں میں مختلف مقدمات میں پیشی کے بعد کارکنوں پر جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کا مقدمہ درج کرنے اور متعدد افراد کی گرفتاری پر فواد چوہدری نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹویٹ کیا ہے ۔ فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کے استقبال کے لئے آنے والے لوگوں کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ۔ فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ دہشتگردی کے قانون کا سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال غیر قانونی ہے ۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد کی مختلف عدالتوں میں مقدمات پر پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد ان کا استقبال کرنے اور اظہار یکجہتی کے لیے آئے تھے ۔ پی ٹی ائی چیئرمین عمران خان کی پیشی کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ساہیوال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جس پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے اے ٹی اے 353/7 اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں یہ کہا گیا ہے کہ ہجوم سے کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ سمیت افراد کو حراست میں لیا گیا ، منصوبے کے تحت جوڈیشل کمپلیکس اور ہائی کورٹ پر حملے کی کوشش کی گئی ۔ مقدمے متن کے مطابق سیاسی جماعت کے رہنما ہجوم کی قیادت کر رہے تھے ، جماعت کے رہنما نے عوام کو توڑ پھوڑ پر اکسایا تھا ، جوڈیشل کمپلیکس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تاہم پولیس نے حکمت عملی سے ہائی کورٹ میں ایسے کسی ممکنہ اقدام کو روکا ۔ اندراج مقدمہ کے بعد پولیس نے 25 افراد کو گرفتار کرلیا تھا جب کہ دیگر کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں جاری تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتاریوں کے لئے مختلف صوبوں میں پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئیں ۔ اس مقدمے کے اندراج کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کا ایک بیان بھی سامنے آیا تھا ، جس میں ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت سب گرفتار ہوں گے جبکہ آج صبح عمران خان سمیت 21 رہنماؤں کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔
مزیدخبریں