انتخابات پر ازخود نوٹس کو مسترد کرتے ہیں: ججز کا اختلافی نوٹ
09:25 AM, 1 Mar, 2023
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں انتخابات سے متعلق فیصلے پر بنچ کے 2 ممبران نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا اور اختلافی نوٹ لکھا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلے پر اختلافی نوٹ لکھے ہیں کہ جس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 184/3 کے تحت یہ کیس قابل سماعت نہیں ہے ، عدالت کو اپنا 184/3 کا اختیار ایسے معاملات میں استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔ اختلافی نوٹ کے مطابق انتخابات پر لاہور ہائیکورٹ فیصلہ دے چکی ہے ، سپریم کورٹ ہائیکورٹ میں زیر التوا معاملے پر ازخود نوٹس نہیں لے سکتی ہے ، پشاور اور لاہور ہائیکورٹ نے تین دن میں انتخابات کی درخواستیں نمٹائیں ہیں ، جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس یحییٰ آفریدی کے نوٹس سے اتفاق کرتے ہیں ۔ اختلافی نوٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ انتخابات پر ازخود نوٹس کی درخواستیں مسترد کرتے ہیں ، اس معاملے پر از خود نوٹس بھی نہیں بنتا تھا ، 90 دن میں انتخابات کرانے کی درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں ۔