الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ
01:04 PM, 1 Mar, 2023
اسلام آباد: ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے کل ہی صدرمملکت اور گورنر کے پی کو مشاورت کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا، اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں عام انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے، الیکشن کمیشن اجلاس میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد سے متعلق اہم فیصلے لیے جائیں گے، ممکنہ طور پر دونوں صوبوں میں انتخابات کی تاریخ عید الفطر کے بعد ہوگی۔ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے لئے درخواستیں طلب کر لیں، درخواستیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت آٹھ مارچ تک طلب کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرائیں، درخواستیں آٹھ مارچ تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجی جا سکتی ہیں، تاخیر سے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا، درخواستوں کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔