پاکستان اپنے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا،وزیر اعظم

03:19 PM, 1 Mar, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اکستان اپنے ترک اور شامی بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا، معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے، پورا پاکستان اپنے ترک اور شامی بھائیوں کے ساتھ ہے، پاکستان کی طرف سے اخوت اور ایثار کا پیغام پوری دنیا میں گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ اور شام میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریسکیو ٹیموں نے جس طرح ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کی خدمات سرانجام دی ہیں اس پر پاکستان کی حکومت اور عوام ان کے شکرگزار ہیں، اس سے دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا اور ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کے دل میں پاکستان کا احترام مزید بڑھا، وہ ان خدمات کو تادیر یاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے ترکیہ کے دورہ کے موقع پر اپنی ٹیم کو جانفشانی سے کام کرتے دیکھا، ان سب کا شکریہ ادا کرنے کیلئے انہیں یہاں مدعو کیا ہے، انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کی دوستی کی لاج رکھی جبکہ ان کی کاوشوں کی وجہ سے دونوں ملکوں کے درمیان دوستی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ عوام آج پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے پاس وسائل کی کمی یا امداد نہیں ہے لیکن وہ انسانی اور اسلامی رشتہ کے ناطے اخوت اور محبت کی بنیاد پر ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، انہیں توقع ہے کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ہے جو یک جان دو قالب ہے اور جن کی دوستی صدیوں پر محیط ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے امدادی ٹیم کے اراکین کو پوری قوم کا ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ترکیہ کے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے، گو کہ پاکستان کو مشکلات بھی درپیش ہیں لیکن اپنے بھائیوں کو بچانے کیلئے اپنے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گو کہ حکومت اس وقت کفایت شعاری کی پالیسی پر عمل پیر اہے لیکن بیرون ملک سے آنے والے مہمان اس سے مستثنیٰ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک بے شمار سامان ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے بھجوایا جا چکا ہے، اس میں این ڈی ایم اے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، چیئرمین این ڈی ایم اے دن رات کام کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ 50 ہزار موسم سرما کے خیمے تیار کرنے کا آرڈر دیا ہے، اس کی قیمت کا تعین ہو گیا ہے، ترکیہ اور شام میں شدید سردی ہے اس لئے یہ خیمے وہاں بھیجنے ضروری ہیں، یہ خیمے آگ پروف ہیں جو بذریعہ ہوائی جہاز ترکیہ بھجوائیں گے، ریسکیو اور ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے۔
مزیدخبریں