عمران خان کا ملک بھر میں ہفتے سے الیکشن مہم شروع کرنیکا اعلان

04:00 PM, 1 Mar, 2023

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملک بھر میں ہفتے سے بھرپور الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیرا عظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جیل بھرو تحریک ختم کردی، ہفتے کے دن سے باضابطہ انتخابی مہم شروع کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے پر وزیر قانون کا بیان شرم ناک ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ انتخابات 90 دن سے آگے نہیں جا سکتے۔ عمران خان نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے باوجود فضا بنی ہوئی ہے کہ شاید الیکشنز 90 دن کے اندر نہ ہوں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود تجزیہ کار کہہ رہے ہیں کہ پتہ نہیں الیکشنز 90 دن میں ہوں گے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ گزشتہ 9ماہ سے ملک پر قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں، ان لوگوں نے اقتدار میں آکر صرف اپنے قرض معاف کرائے، انہوں نے ہر ممکن کوشش کہ کسی طرح انتخابات نہ ہوں، قوم سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم موبائل فونز کی وجہ سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، کوئی ایک جھوٹ بولے، سوشل میڈیا کے ذریعے ایک گھنٹے میں سب پتہ چل جاتا ہے۔
مزیدخبریں