دوسری باراسپیکربننے والےسردارایازصادق کی زندگی پرایک نظر

03:09 PM, 1 Mar, 2024

ویب ڈیسک:دوسری باراسپیکربننے والےسردارایازصادق کی زندگی پرایک نظر  ڈالتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 17 اکتوبر 1954 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ایچی سن کالج سے ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے ہیلے کالج آف کامرس سے بی کام کی ڈگری حاصل کی۔
ایاز صادق سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار اقبال کے داماد ہیں جو پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے مخالف تصور کیے جاتے تھے۔ ایاز صادق کی تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق کرکٹر عمران خان کے ساتھ سکول کے دنوں سے دوستی تھی، اسی دوستی کی بنیاد پر جب عمران خان نے اپنی جماعت کی بنیاد رکھی تو وہ اس میں شامل ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے والے سردار ایاز صادق اسی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو انتخابات میں شکست دے کر کامیاب ہوئے اور وہ تیسری بار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
فروری 97ء میں ہونے والے عام انتخابات میں عمران خان لاہور سے جس قومی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار تھے اسی حلقے کی صوبائی نشست پر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے لیے انتخاب لڑا۔ تاہم دونوں ہی اپنی اپنی نشست پر کامیاب نہ ہوسکے۔
1997 کے انتخابات کے بعد سردار ایاز صادق تحریک انصاف سے دور ہوگئے اور ایک سال بعد یعنی 1998 میں انہوں نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔ مسلم لیگ نواز کے سربراہ نواز شریف سے ان کی جلاوطنی کے دوران ملاقات ہوئی، جس کے بعد سردار ایاز صادق نے مسلم لیگ نواز میں شامل ہوگئے تھے۔
مسلم لیگ ن میں شامل ہونے کا اعلان سردار ایاز صادق نے سابق میئر لاہور اور مسلم لیگ نواز کے رہنما میاں شجاع الرحمان کے گھر ہونے والی ایک سیاسی تقریب میں خطاب کیا تھا۔ یہ ان کا مسلم لیگ نواز کی کسی سیاسی تقریب میں پہلا خطاب تھا۔ سردار ایاز صادق نے مسلم لیگ نواز میں شمولیت کے بعد 2002 میں ہونے والے انتخابات میں لاہور سے حصہ لیا اور قومی اسمبلی کی نشست پر اپنے پرانے دوست اور قائد عمران خان کو شکست دے کر قومی اسمبلی میں پہنچے۔
سردار ایاز صادق 2008 میں دوبارہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 2013 کے انتخابات انہیں ایک بار پھر اپنے پرانے دوست عمران خان کے مدِمقابل لے آئے۔ اس بار سردار ایاز صادق نے نہ صرف قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب حاصل کی بلکہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کا منصب بھی ان کے حصے میں آیا تھا۔
سردار ایاز صادق آج دوبارہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں انہیں کرکٹ کے علاوہ سیاحت اور کتابیں پڑھنے کا شوق ہے اور وہ پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ملک معراج خالد کے بعد دوسرے اسپیکر قومی اسمبلی ہیں جن کا تعلق لاہور سے ہے۔

مزیدخبریں