ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب بھر میں فری وائی فائی کی سہولت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے لیے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا اور بتدریج سہولت کو پنجاب کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈیجیٹل پنجاب کے تحت لاہور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ایجوکیشن سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نئی آئی ٹی اور ایجوکیشن سٹی میں عالمی رینکنگ میں سرفہرست یونیورسٹیوں کے کیمپس قائم ہوں گے۔
وزیراعلی نے دنیا بھر کی ٹاپ فائیوآئی ٹی کمپنیوں سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔ آئی ٹی اور ایجوکیشن سٹی ٹوئن ٹاورز کے لئے جدید ترین ماڈیولر ٹیکنالوجی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ماڈیولر ٹیکنالوجی کے ذریعے 10ماہ میں ٹاورز کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔ ٹوئن ٹاورز میں 6سے 8ہزار تک افراد کی گنجائش ہو گی۔ 5بڑے ٹیک جائنٹ کو لاہور میں ٹیکنالوجی ہب قائم کرنے کے لئے تمام تر سہولتیں دی جائیں گی۔ نوجوانوں کو آرٹیفشل انٹیلیجنس، مشین لرننگ اور چپ ڈیزائننگ کی ٹریننگ کا اہتمام کریں گے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گلف میں آئی ٹی کمپنیوں اور عالمی یونیورسٹیوں کے کیمپس کھل سکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں؟
سب کیلئے فری وائی فائی پراجیکٹ:
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کے پائلٹ پراجیکٹ پر کام شروع کردیا گیا۔ لاہورمیں فری وائی فائی پراجیکٹ کے آغاز کے لئے ڈیڈ لائن بھی مقرر کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فری وائی فائی پراجیکٹ میں عام آدمی کی آبادیوں کو خاص طور پر شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فری وائی فائی پراجیکٹ کے لئے تیزترین کمپنی کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بتدریج فری وائی فائی پراجیکٹ کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فری وائی فائی پراجیکٹ اور آئی ٹی سٹی ٹاور منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔