پاکستان،سعودی عرب کاسرمایہ کاری،صنعت،کان کنی کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پراتفاق

09:52 AM, 1 May, 2022

احمد علی
پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری، صنعت اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے اختتام کے موقع پر ایک متفقہ اعلامیہ میں کیاگیا۔ فریقین نے دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان شراکتداری بڑھانے اورسرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کثیر جہتی باہمی تجارت کے لئے سعودی پاکستانی سپریم تعاون کونسل کے ذریعے کام کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سعودی عرب نے پاکستان اور اس کی معیشت کیلئے مسلسل مدد کی یقین دہانی کرائی جس میں مرکزی بینک کے ذریعے تین ارب ڈالرکی فراہمی شامل ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور معاشرتی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو بڑھانے پر زور دیا گیا تاکہ پاکستان او ر اس کے عوام کو فائدہ ہو۔
مزیدخبریں