سندھ اور پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا
02:27 PM, 1 May, 2022
لاہور:(پبلک نیوز) زونل رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کراچی اور لاہور سمیت پنجاب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جبکہ کے پی کے میں چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی. تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک کسی بھی جگہ چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے، براہ کرم سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔ دوسری جانب زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی.ادھر سندھ زونل کمیٹی کا کہنا تھاکہ کراچی سمیت صوبے بھر میں شوال کا چاند نظرنہیں آیا۔ پشاور زونل رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ قاری عبدالروف مدنی کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے سوڑیزی سے 12 شہادتیں موصول ہوئی، جبکہ مردان سے بھی 3 شہادتیں موصول ہوئی. محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ، عید الفطر 3 مئی منگل کے روز ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت چاندکی عمر 17 گھنٹے ہے اور چاند دکھائی دینے کیلئے اس کی عمر 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ، خلیجی ملکوں میں عید الفطر کل ہوگی ، برطانیہ میں بھی پیر کو ایک ہی دن عید منائے جانے کا امکان ہے ، افغانستان میں آج عید منائی جارہی ہے ۔