عید کا چاند نظر نہیں آیا ، عیدالفطر منگل کو ہوگی

04:15 PM, 1 May, 2022

احمد علی
اسلام آباد: چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک بھر سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، لہذا پاکستان میں عیدالفطر 3مئی بروز منگل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 3مئی بروز منگل کوہوگی۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کے اکثر مقامات پر موسم صاف رہا، ملک بھر سے کوئی مصدقہ شہادت موصول نہیں ہوسکی، تیس روزے مکمل کرنے کا موقع اللہ نے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہے گی ہم ملکر آگے بڑھتے رہیں،موسمیات اور سپارکو کی رپورٹس میں بھی چاند نظر آنے کی کوئی بات سامنے نہیں آئی۔بلوچستان اور دیگر زونل کمیٹیاں رابطہ میں رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئیں ملکر ملک پاکستان کو آگے لیکر جائیں،قومی سلامتی کے ادارے جو کام کررہے ہیں اللہ پاک وہ قبول فرمائیں۔
مزیدخبریں