پی ٹی آئی کا لاہور میں آج پاور شو

01:44 PM, 1 May, 2023

احمد علی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا آج لاہور میں پاور شو ہوگا ، لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے دوپہر 1بجے کے قریب ہوگا ، ریلی فیروز پور روڈ سے ہوتی ہوئی ایم اے او کالج پہنچے گی ، لوئر مال روڈ سے ہوتی ہوئی ناصر باغ پہنچ کر اختتام پذیر ہو جائے گی ۔ اچھرہ ،مزنگ سمیت دیگر راستوں پر ریلی کا بھر پور استقبال کیا جائے گا ، ریلی کے اختتام پر سابق وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی گاڑی سے کارکنوں سے خطاب کریں گے ، ریلی میں لاہور سے رہنماؤں اور کارکنان کو شرکت کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو ریلی کی اجازت دیدی ہے ، ریلی کی اجازت دن 1 بجے سے شام 6 بجے تک ہو گی، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی جانب سے ریلی کے اجازت نامے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اجازت نامے میں کہا گیا ہے کہ ریلی کے لئے استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے ، ریلی انتظامیہ خواتین ، سٹیج اور تمام انکلوژرز کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہو گی اور تمام متعلقہ علاقوں میں بلا تعطل بجلی فراہمی یقینی بنائے گی، ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت بھی نہیں ہوگی ۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے فوکل پرسن اور متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے گی ، ٹریفک میں خلل نہ ڈالنے اور رواں دواں رکھنے کے لئے پی ٹی آئی ذمہ داران ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون بھی کریں گے ۔ اجازت نامے کے مطابق ریلی کے دوران کسی بھی صورت میں پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچنے کی صورت میں تحریک انصاف کی متعلقہ انتظامیہ ذمہ دار ہوگی، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال سے متعلق متعلقہ قانون کی پاسداری بھی کرنی ہو گی ، پی ٹی آئی رضا کار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔ ضلعی انتظامیہ نے پابند کیا ہے کہ ریلی کے باعث کسی بھی جگہ کاروباری مراکز کو بند کرنے اور نقصان پہنچانے کی اجازت بھی نہیں ہو گی ، کارکن اور متعلقہ افراد ڈنڈے یا اس طرح کی چیز ساتھ نہیں لا سکیں گے، ریلی کے دوران کسی کے جذبات مجروح کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔ ریلی کے لئے کسی جگہ استقبالیہ کیمپ نہیں لگائے جائیں گے، جلسہ گاہ اور اطراف میں اسلحہ کے نمائش کی اجازت بھی نہیں ہو گی ، شرکاء کے لئے مناسب پارکنگ کا انتظام بھی کیا جائے گا ، ریلی کے روٹ پر کسی بھی طرح کی وال چیکنگ نہیں ہو گی، زبردستی کسی کو بھی جلوس میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔
مزیدخبریں