ظہور الہیٰ ہاؤس پر پولیس، اینٹی کرپشن کے چھاپےپر چودھری شجاعت حسین کا ردعمل

06:18 PM, 1 May, 2023

احمد علی
لاہور: ظہور الہیٰ ہاؤس پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے چھاپے پر چودھری شجاعت حسین کا ردعمل بھی آ گیا۔ سربراہ مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے معاملات مزید خراب ہوں، کچھ لوگ واقعہ کو غلط رنگ دے کر عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ پولیس کو بتایا گیا پرویز الہی میرے گھر پر ہیں، غلط گائیڈ کرنے پر پولیس والے پرویز الہی کا گھر چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑے آئے، پولیس دروازے پر پہنچی تو دوسرے طرف میرے بیٹے موجود تھے، پولیس والے آگے بڑھے تو میرے دونوں بیٹوں نے انہیں روکا، پولیس نے دروازہ توڑنے کی کوشش کی، شیشے ٹوٹے اور میرے بیٹے زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری سالک کے ہاتھ پر ٹانکے لگے، دو گھنٹے بعد پولیس دروازے سے گئی۔ چودھری شجاعت نے بتایا کہ پولیس والوں سے پوچھا گیا کہ کس کیس میں یہ سب کیا جا رہا ہے، بتایا گیا گجرات میں سڑکوں کی تعمیر میں اربوں کا کمیشن وصول کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میرا یا میرے دونوں بیٹوں کا ایسے کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، سارے معاملے پر جو طریقہ کار اپنایا گیا وہ قابل قبول نہیں، بکتر بند گاڑی سے مین گیٹ توڑا گیا اس کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ شجاعت حسین نے مطالبہ کیا کہ اس سارے معاملے کے پیچھے جو بھی ہے اسے کیفرکردار تک پہنچایا جائے، اپنے بیٹوں سے کہا ہے صبر کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔
مزیدخبریں