'14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں'

08:00 PM, 1 May, 2023

احمد علی
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہو گی اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لیبر ڈے پر نکالی گئی ریلی کے اختتام پر خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران الیکشن تب کرانا چاہتے ہیں جب یہ سمجھیں کہ جیت سکتے ہیں، انتخابات نہ کرانے کا مقصد کسی طرح مجھے راستے سے ہٹانا ہے، یہ چاہتےہیں مجھے جیل میں ڈالیں یا قتل کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے گھر پر بھی حملہ کیا گیا، نہتے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، علی امین گنڈا پور کو بھی باربارایک سے دوسری جیل لے جاتےہیں، ہمارے کارکنوں کو پکڑ رہے ہیں، چاہتے ہیں یہ کمزور ہو جائیں۔ عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن سے بھاگیں گے تو پی ٹی آئی آئین کےساتھ کھڑی ہوگی، ہم نے صرف معاشی حالات کی وجہ سے پُر امن احتجاج کیے ہیں، جنگل کے قانون میں کوئی سرمایہ کاری نہیں ہوگی، جس ملک میں حکومت سپریم کورٹ کو نہ مانے وہاں سرمایہ کارنہیں آتا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانیں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئین توڑاگیا، سپریم کورٹ کا حکم نہ ماناگیا تو قوم میرے ساتھ نکلے گی، آئندہ ہفتے پتہ چلے گا ملک میں قانون کی حکمرانی ہے یا نہیں، پی ٹی آئی چیف جسٹس پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ آج کی ریلی کا مقصد ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، نگراں حکومت نےالیکشن کیلئےایک کام نہیں کیا، صوبائی حکومت کی اب کوئی آئینی حیثیت نہیں، ملک میں 70 فیصد عوام کے منتخب نمائندے نہیں ہیں۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑیں تو ایک ساتھ الیکشن کیلئے تیار ہیں، چیف جسٹس نے بھی تو یہی کہا ہے الیکشن ہونا چاہیے، آئین توڑا یا ججز کے خلاف کچھ کیا تو پی ٹی آئی سڑکوں پر ہو گی، اور چیف جسٹس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کی وجہ سےآج تک پرامن احتجاج کیے، اگرآئین توڑاتوملک میں جنگل کاقانون ہوگا، ملک تباہی کی طرف جارہاہے، یہ اور ان کے ہیلڈلرز سمجھتے ہیں ہم الیکشن نہیں کروائیں گے ، اس صورت میں بھی ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔
مزیدخبریں