اماراتی حکومت کی شہریوں کو آخری تنبیہ

04:17 PM, 1 May, 2024

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں ہونے والی حالیہ تباہ کن بارشوں نے جہاں نظام زندگی کو متاثر کیا ہے، وہیں افواہوں کے باعث انتظامیہ شدید پریشان دکھائی دے رہی ہے۔

اماراتی انتظامیہ کی جانب سے اب باقاعدہ طور پر شہریوں کو تنبیہہ کی جا رہی ہے کہ وہ کسی ایسی خبر کو پھیلانے میں اپنا حصہ نہ ڈالیں جو کہ ملک میں افراتفری کا باعث بنے۔

انتظامیہ کی جانب سے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔

مقامی سیکیورٹی ادارے ام القوواین پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر اماراتی سوشل میڈیا پر افواہوں اور جھوٹی خبروں کا ایک طوفان برپا ہے۔

ادارے کی جانب سے مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں پھیلانے کا مقصد عوام میں افرا تفری پھیلانا ہے یہ عمل ملک کی سلامتی اور سیکیورٹی کے لیے خطرے کا باعث بن رہا ہے۔

ادارے کی جانب سے مزید کہنا تھا کہ اس قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ایکشن لیا جائے گا اور کمیونٹی سیکیورٹی کو ادارے نے ریڈ لائن قرار دے دیا ہے جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کاروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ بغیر تصدیق کے موسم صورتحال سے متعلق کسی بھی قسم کی پوسٹ یا معلومات کو شیئر نہ کریں۔ 

 واضح رہے اماراتی قانون کے مطابق افواہ اور جھوٹی خبر پھیلانے پر 1 لاکھ سے 2 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد ہوتا ہے جبکہ 2 سال قید کی سزا بھی شامل ہے۔ 

مزیدخبریں