اسلام آباد/راولپنڈی میں معمولات زندگی بحال

06:12 AM, 1 Nov, 2021

احمد علی

پبلک نیوز: اسلام آباد/راولپنڈی میں معمولات زندگی بحالی کی جانب گامزن ہو گئے. فیض آباد انٹرچینج کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا.

حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان نئے معاہدے کے بعد جڑواں شہروں میں 11 روز بعد معمولات زندگی بحال ہوگئے۔ راول ڈیم سے فیض آباد کی طرف مری روڈ پر جانے والے ٹریفک کی رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا. فیض آباد کے گرد لگائی گئی تمام رکاوٹوں کو مکمل طو پر ہٹا دیا گیا ہے۔ ریڈ زون کے ایکسپریس چوک سے داخلی اور خارجی راستے پر ڈایئورشن ہے۔ متبادل راستے کے طور پر مارگلہ روڈ ، ایوب چوک، نادرا چوک اور ڈھوکری چوک استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ دیگر تمام راستے مکمل طور پر کھلے ہیں.

مری روڈ پر قائم تمام تعلیمی ادارے، بینک اور کاروباری مراکز آج معمول کے مطابق کھلے ہیں، مظاہرین کو روکنے کے لیے مری روڈ پر لگائی گی تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں، مری روڈ کو مریڑ چوک سے فیض آباد انٹرچینج تک کھول دیا گیا، مری روڈ کی تمام رابطہ سڑکوں پر بھی ٹریفک رواں دواں ہے، میٹرو بس سروس اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال ہے۔

میٹرو بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رحمان آباد اسٹیشن پولیس کی موجودگی کے باعث بند ہے، باقی تمام اسٹیشنز مسافروں کے لیے کھلے ہیں۔دوسری جانب جی ٹی روڈ جہلم سے وزیرآباد تک بند ہے، نیشنل ہائی ویز پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ پر کل تک ٹریفک بحال ہوجائے گی۔

مزیدخبریں