بھارت،پاکستان اور بنگلادیش کے میچ میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا گیا

01:32 PM, 1 Nov, 2023

احمد علی
بھارت میں جاری آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں 31 اکتوبر کو ہونے والے پاکستان اور بنگلادیش کے میچ کے دوران اسٹیڈیم میں فلسطین کا جھنڈا لہرا دیا گیا۔ بھارتی نیوز کے مطابق گذشتہ روز کولکتہ میں کھیلے گئے پاکستان اور بنگلا دیش کے میچ میں فلسطین کا جھنڈا لہرانے پر پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔ رپورٹس کے مطابق ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم سے حراست میں لیے گئے افراد میں سے 2 افراد کا تعلق جھارکنڈ سے ہے اور 2 کولکتہ کے ہی رہائشی ہیں۔ بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ 2 افراد کو گیٹ نمبر 6 جب کہ دیگر 2 افراد کو بلاک جی 1 سے حراست میں لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حراست میں لیے گئے چاروں افراد نوجوان ہیں اور انہوں نے اسٹیڈیم میں احتجاج کے طور پر صرف فلسطین کا جھنڈا لہرایا تھا تاہم کسی قسم کا نعرہ نہیں لگایا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ بات سامنے آئی ہے کہ چاروں افراد جن کی عمریں 20 سال ہیں، غزہ میں حماس کے خلاف جاری جنگ میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اور انہوں نے اس احتجاج کے لیے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہونے والے بین الاقوامی میچ کا انتخاب کیا۔ خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دی ہےجس کے بعد گرین شرٹس سیمی فائنل کی دوڑ میں اب بھی شامل ہیں۔
مزیدخبریں