گلگت بلتستان کی ڈوگرا راج سے آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کا اظہارِ خیال

10:38 AM, 1 Nov, 2024

ویب ڈیسک: یکم نومبر 1947 کو گلگت بلتستان نے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام نے آزادی کی تحریک چلائی اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی۔ اس دن کی اہمیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جب گلگت بلتستان نے اپنی آزادی کا اعلان کیا۔

گلگت بلتستان کی یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔ 

ماجد ندیم، سی ای او ماجد ندیم فاؤنڈیشن (تمغہ امتیاز) نے کہا کہ یکم نومبر غلامی سے آزاد ہونے کا دن ہے، یکم نومبر وہ دن ہے جس دن ہمیں حقیقی معنوں میں ایک آزاد ملک اور ایک آزاد شہری ہونے کی حیثیت ملی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں کے خون سے اس وطن کی آبیاری ہو رہی ہے، ہم سب کو پاک فوج کی لازوال قربانیوں کا خیال رکھنا چاہیے، اللہ نے ہمیں جو آزادی عطا کی ہے، اسے برقرار رکھنے کے لیے ہمیں اپنی جانب سے محنت کرنی چاہیے۔ ہماری تمام محنتیں اور کاوشیں گلگت بلتستان اور پاکستان کے لیے وقف ہوں۔

نذیر احمد، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ مہاراجہ گلاب سنگھ نے اس پورے علاقے کو عوام سمیت خریدا، اور ایک صدی بعد یہاں کے لوگوں نے آزادی حاصل کی۔ گلگت بلتستان کی تحریک آزادی میں جی بی سکاؤٹس اور یہاں کے غیور عوام کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔

ایڈوکیٹ امجد، ممبر گلگت بلتستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے بہادر اور نڈر عوام نے آزادی کے لیے تحریک چلائی اور جدوجہد کی جنگ لڑ کر گلگت بلتستان کو ڈوگرا راج سے آزاد کروایا۔

ساجد علی بیگ ، پریزیڈنٹ امامیہ کونسل گلگت بلتستان نے بتایا کہ ہمارے بزرگوں نے "لا الہ الا اللہ" کے کلمے کی بنیاد پر اس علاقے کو پاکستان کے ساتھ ضم کیا۔ 

کمال خان، کمشنر گلگت بلتستان نے کہا کہ لا الہ الا اللہ وہ واحد نظریہ تھا جس کی بنیاد پر ہم نے مسلم اور اسلامی ریاست کے ساتھ الحاق کیا ، کیونکہ یہاں بسنے والے سب مسلمان ہیں۔

محمد عیسی خان، سینیئر وائس پریزیڈنٹ، نیشنل بینک آف پاکستان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نہ ہوتا اور ہمارا پاکستان سے الحاق نہ ہوتا تو ہم اس قدر ترقی نہیں کر سکتے تھے۔

دلدار علی قمر، سینیئر ٹیچر گلگت بلتستان کے مطابق آئیے! آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔

گلگت بلتستان کے بہادر عوام نے عزم اور بہادری کے ساتھ آزادی حاصل کی۔ مقامی لوگوں کی قربانیوں اور محنت نے انہیں ایک آزاد ملک کے شہری ہونے کا حق دلایا۔

گلگت بلتستان کے لوگ اپنی جرات اور استقامت کے ساتھ ہمیشہ آزادی کی علامت رہیں گے۔

مزیدخبریں