(ویب ڈیسک )سلیمان اعوان: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی سرکاری ملازمین کے تبادلوں پر پابندی کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔
عدالت نے پنجاب کے سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلوں پر پابندی کا نوٹیفیکیشن بھی کالعدم کر دیا ۔ یکم مارچ کے نوٹیفیکشن میں پنجاب حکومت نے سرکاری ملازمین کے تبادلوں پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی تھی ۔
جسٹس عاصم حفیظ نے 8صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے کو عدالتی نظیر بھی قرار دیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین ، بیورو کریسی، پولیس کو محکوم اور تختہ مشق بنا کر وزیر اعلیٰ کو اختیارات کی عظمت دی گئی،ایگزیکٹو اتھارٹی کا حد سے متجاوز کرنا واضح طور پر اختیارات سے تجاوز کرنے کے مترادف اور چیک اینڈ بیلنس کے انتظامی توازن کو خراب کرنا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تقرر و تبادلوں پر پابندی کے نوٹیفیکیشن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابھی بھی استعماری میراث کی باقیات موجود ہیں۔آئینی ترمیم کی غلط تشریح کر کے اور غلطہ فہمی کی بنیاد پر آئینی بینچز کے نکتہ پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اٹھایا گیا ۔