کراچی(پبلک نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی جانب سے پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا.
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام تاریخی مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، پٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ شعلوں کو ہوا دینے کے مترادف ہے، معیشت برباد کرنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس و محصولات آمدنی کا اہم ذریعہ ہیں، عمران خان حکومت میں عوام ریلیف اور کسی اچھی خبر سننے کے لئے ترس گئے، ملک میں لوٹ مار سیل جاری ہے.
بلاول بھٹو زرداری نے کہا خان صاحب نے اپنا تین سالہ دورِ اقتدار صرف عوام کا تیل نکالنے پر ضائع کردیا، فائدہ صرف اے ٹی ایمز کو دیا. انہوں نے کہا عمران خان کو وسیع تر قومی مفاد میں ایک اور یوٹرن لینا چاہیئے، وزیراعطم اپنی پالیسیوں کو 180 ڈگری پر موڑ دیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور عائد اضافی ٹیکس و محصولات بلاتاخیر واپس لیے جائیں.