پاکستان طالبان کی جانب سے بات نہیں کر رہا
08:35 AM, 1 Oct, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کہا کہ افغانستان کا سیاسی حل ہونا چاہیے ، افغانستان گزشتہ چار دہائیوں سے حالت جنگ میں ہے ، پاکستان ماضی میں 50 لاکھ سے زائد مہاجرین کی میزبانی کر چکا ہے ۔ مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نےروسی ٹی وی چینل کو انٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن افغانستان دیکھنا چاہتا ہے ، پاکستان طالبان کی جانب سے بات نہیں کر رہا ، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے بات کر رہا ہے ، انڈیانے ہمیشہ خطے میں بگاڑ کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی دنیا کے سامنے ثابت ہوچکا ہے کہ بھارت نے فیک نیوز کا استعمال کرتے ہوئے وادی پنجشیر پر اپنےجھوٹے بیانیہ کو آگے بڑھایا ، روس ، پاکستان اور چین افغانستان میں مثبت اور فعال کردار ادا کر سکتے ہیں، مستحکم افغانستان خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے ۔