بابر اعظم کی ایک شانداز اننگز، ریکارڈ کے انبار لگ گئے
10:55 AM, 1 Oct, 2021
لاہور(ویب ڈیسک) بابر اعظم نے ایک اور دھماکہ خیز سنچری کے ساتھ مزید ریکارڈ توڑ دیے۔ پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان بابر اعظم نے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی شاندار فارم جاری رکھی ہے،انہوں نے قومی ٹی 20 کپ 2021 میں سنٹرل پنجاب اور ناردرن کے درمیان میچ میں ریکارڈ توڑ سنچری بنائی۔ سٹار بیٹسمین کی 105* رنز کی شاندار اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ یہ بابر کی ٹی 20 کرکٹ میں چھٹی سنچری تھی جو کہ کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کی جانب سے کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔اس سے قبل کامران اکمل اور احمد شہزاد کے پاس مشترکہ طور پر یہ ریکارڈ تھا کیونکہ دونوں نے پانچ ،پانچ سنچریاں بنائی ہیں۔ کھلاڑیوں کی اننگز اور سنچریاں یہ ہیں۔ بابر اعظم 185اننگز میں 6 سنچریاں۔ احمد شہزاد 221 اننگز میں 5 سنچریاں ۔ کامران اکمل 263 اننگز میں 5 سنچریاں۔ خرم منظور 118 اننگز میں 4 سنچریاں ۔ مختار احمد 46اننگز میں 3 سنچریاں۔ شرجیل خان 110اننگز میں 3 سنچریاں۔ عالمی کرکٹ میں صرف چھ دیگر بلے بازوں نے بابر اعظم کے مقابلے میں کھیل کے مختصر ترین فارمیٹ میں زیادہ سنچریاں بنائی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 22 سنچریوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس کے بعد مائیکل کلنگر، ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے 8 ،8 سنچریاں بنائی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برینڈن میک کولم اور انگلینڈ کے سابق اوپنر لیوک رائٹ نے اس فارمیٹ میں 7-7 سنچریاں بنائی ہیں۔ اس کے علاوہ شین واٹسن ، روہت شرما اور بابر اعظم نے 6 ، 6 سنچریاں سکور کی ہیں۔ دنیا کے نمبر دو ٹی ٹوئنٹی بلے باز کیلنڈر ایئر کے دوران عمدہ فارم میں رہے ہیں۔ وہ 2021 میں ٹی 20 کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور ہر ٹورنامنٹ میں اچھا اسکور کرتے رہے ہیں۔ بابر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن چھ میں بھی سب سے زیادہ رنز بنائے اور تاحال قومی ٹی 20 کپ 2021 میں بھی ٹاپ سکورر ہیں۔