انقرہ: ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب خودکش حملہ
06:43 PM, 1 Oct, 2023
انقرہ : ترکیہ کا دارلحکومت انقرہ دھماکے سے گونج اٹھا۔ پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب بمبار نے خود کو اڑا لیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق صبح ساڑھے نو بجے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پارلیمنٹ اور وزارت داخلہ کی عمارت کے قریب خودکش دھماکا ہوا۔ اس حوالے سے ترک حکام کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گردوں نے خود کش حملہ کیا، دونوں دہشت گرد گاڑی میں آئے تھے، ایک دہشتگرد نے خود کو عمارت کے گیٹ پر دھماکے سے اڑایا، جب کہ دوسرے دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔ انقرہ دھماکے کے وقت کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، سڑک پر معمول کی آمدورفت جاری تھی کہ اچانک دھماکا ہو گیا، شہریوں کو خوفزدہ ہوکر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ افسوسناک واقعے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے کے بعد علاقہ گولیوں کی آواز سے گونجتا رہا، جو مبینہ طور پر خودکش حملہ آور کے ساتھی اور پولیس کے درمیان ہوسکتی ہے۔ موسم گرما کی چھٹیوں کے بعد ترک پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس کے لیے صدر اردوان سمیت تمام اراکین پارلیمنٹ کے پارلیمنٹ میں آنے کی توقع تھی۔