21 اکتوبر کو ملک پاکستان میں ایک امید کی واپسی ہے، مریم نواز

09:22 PM, 1 Oct, 2023

احمد علی
لاہور: مریم نواز نے کہا ہے کہ 21 اکتوبر کو ملک پاکستان میں ایک امید کی واپسی ہے، ملک کی ترقی کی واپسی ہے، امن کی واپسی ہے۔ مریم نواز نے شاہدرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ والوں مریم نواز شریف کی طرف سے سلام، جتنے جلسے میں اس سے زیادہ اوپر چھتوں پر بھی موجود ہیں، شاہدرہ کا نواز شریف سے لازوال رشتہ ہے، عروج ہو زوال ہو، شاہدرہ نے کبھی راستہ نہیں بدلا۔ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ شاہدرہ نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، ملک ریاض نے نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، شاہدرہ میں بسنے والے ہر ورکر کو مریم نواز کا سلام۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد آمد ہے، تیاریوں کا آغاز میں شاہدرہ ٹاؤن سے کر رہی ہوں، میں نے نواز شریف کو بتایا کہ شاہدرہ والوں سے ملنے جا رہی ہو، نواز شریف نے کہا انہیں میرا سلام دینا۔ انہوں نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ 21 اکتوبر کو کون آ رہا ہے کارکنوں نے جواب دیا شیر۔ پھر پوچھا کہ جانتے ہوں نواز شریف سے ملنے کہاں جانا ہے، تو کارکنوں نے کہا کہ مینار پاکستان۔ان کا کہنا تھا کہ 4 سال بعد نواز شریف کے ساتھ آپ کی ملاقات وہاں ہوگی، میں آپ سب کو دعوت دینے آئی ہوں، 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آ رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف آ رہا ہے، بے روزگاری کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف آ رہا ہے، لوڈ شیڈنگ ختم کرنے والا نواز شریف آ رہا ہے، دہشتگردی کا خاتمہ کرنے والا نواز شریف آ رہا ہے، پاکستان کے سینے پر زخموں کا خاتمہ کرنے نواز شریف آ رہا ہے۔ مریم نواز نے سوال کیا کہ آخری بار آپ نے سستا پٹرول کس کے دور میں دیکھا تھا، آخری بار سستی روٹی کس کے دور میں دیکھی تھی، وہ نواز شریف کا دور تھا، بجلی کے بل بھی لوگ دیتے تھے، چولہا بھی جلتا تھا، گیس کا بل بھی بھر لیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے نواز شریف کو نکالا، ہمارے گھروں سے روشنی نکل گئی، نواز شریف کو نکالنے والے آج عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں، جس کو عبرت کا نشان بنانا چاہا اس کے استقبال کی تیاری پورا پاکستان کر رہا ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شاہدرہ والو یہ پہلی بار نہیں تھا کہ نواز شریف کو نکالا گیا، نواز شریف ہر بار کی طرح پہلے سے زیادہ طاقتور ہوکر آ رہا ہے، نواز شریف نے کہا تھا میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، ہر اس شخص کو جس نے کہا نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی آج کو نواز شریف کو واپس آتے دیکھ رہا ہے۔ مریم نواز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ ایک بار پھر وزیر اعظم نواز شریف ہوگا، نواز شریف نے سیاسی انتقام سہا، جیلیں کاٹیں ، گھر واپس آئے گا تو میری ماں اس کی بیوی موجود نہیں ہوگی، یہ زخم سینے پر کھائے ہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 اکتوبر کو ملک پاکستان میں ایک امید کی واپسی ہے، ملک کی ترقی کی واپسی ہے، امن کی واپسی ہے۔ ہاتھ اٹھا کر بتاؤ میرے ساتھ مینار پاکستان چلو گے، 21 اکتوبر کو شام 4 بجے آپ سے ملاقات ہوگی۔
مزیدخبریں