ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کا اعلان

10:35 AM, 1 Oct, 2024

ویب ڈیسک: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کردی جبکہ ٹیکس ہدف میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے اہم اجلاس کی صدارت چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے کی۔ جس میں ملک بھر سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ سامنے آیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں 14اکتوبر تک کی توسیع کی گئی ہے۔ ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ میں 14اکتوبر تک توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کے مطالبے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ 14اکتوبر ہوگی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے ستمبر کے ٹیکس کا ہدف پورا کرلیا گیا جبکہ گزشتہ ماہ ستمبر کیلئے ٹیکس ہدف 1 ہزار 98 ارب سے بڑھ کر 1100 ارب ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 35 لاکھ سے زائد شہری انکم ٹیکس گوشوارے جمع کراچکے ہیں جو ماضی کے مقابلے میں 100 گنا اضافہ ہے۔

مزیدخبریں