پی ٹی آئی احتجاج:میانوالی میں رینجرز طلب،فیصل آبادسےدرجنوں رہنمااورکارکنان گرفتار

10:49 AM, 1 Oct, 2024

دانش منیر

ویب ڈیسک:(دانش منیر ) پنجاب حکومت نے میانوالی، فیصل آباد اور بہاولپور میں  دفعہ 144 نافذ کردی جبکہ  فیصل آباد میں پی ٹی آئی کا2 اکتوبر کا احتجاج روکنے کے لیےپولیس کا کریک ڈاؤن جاری،جڑانوالہ اور کھرڑیانوالہ،سمندری اور دیگر علاقوں سےچھاپے مارکردرجنوں کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کرلیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے میانوالی میں 7 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی،ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

میانوالی میں 7دن کیلئےدفعہ144نافذ

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق منگل یکم اکتوبر سے سوموار 7 اکتوبر تک ہو گا،ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا، میانوالی میں رینجرز کی 2 کمپنیاں یکم سے 3 اکتوبر تک تعینات ہوں گی،امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔پابندی کا اطلاق میانوالی میں دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا۔

سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے،محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا،عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

فیصل آباد اور بہاولپور میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ 

حکومت پنجاب نے فیصل آباد اور بہاولپور میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی،ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے،پابندی کا اطلاق بدھ 2 اکتوبر سے جمعرات 3 اکتوبر تک ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد اور بہاولپور میں دفعہ 144 کا نفاذ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا۔امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے،محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے،عوامی آگاہی کیلئے دفعہ 144 کے نفاذ کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی گئی ہے۔

فیصل آبادسےدرجنوں رہنمااورکارکنان گرفتار

دوسری جانب  پی ٹی آئی کا2 اکتوبر کا احتجاج روکنے کے لیے جڑانوالہ پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے،سرکل جڑانوالہ اور کھرڑیانوالہ سے پی ٹی آئی کے 95 کارکنان اور رہنماؤں کو  گرفتار کرلیا گیا،سب سے زیادہ 30 گرفتاریاں تھانہ سٹی کے علاقہ میں عمل میں لائی گئیں،تھانہ صدر کے علاقہ میں 11، روڑالہ روڈ میں 8 کارکنان کو گرفتارکیا گیا ہے۔

ستیانہ میں 2، لنڈیانوالہ 16، کھرڑیانوالہ 18 جبکہ بلوچنی میں 10 گرفتار ہیں اور گرفتار تمام کارکنان رہنماؤں میں سے صرف 2 لسٹڈ، 93 غیر لسٹڈ شامل ہیں جبکہ لسٹڈ کارکنان میں طاہر عباس سیفیہ پارک اور امتیاز سکنہ مکوآنہ شامل ہے اور گرفتاریوں کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے 2  اکتوبر کو میانوالی،فیصل آباد اور بہاولپور میں احتجاج جبکہ 4 اکتوبر کو ڈی چوک اور 5 اکتوبر کو لاہور میں احتجاج کی کال دے دی۔

مزیدخبریں