ویب ڈیسک: اپنی ہی ریوالور سے چلی گولی سے زخمی ہونے والے نامور بھارتی اداکار گووندا کی صحت میں بہتری آنے لگی ہے،اسٹار اداکار کی صحت سے متعلق انکے ڈاکٹر نے بتایا کہ گووندا کی حالت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
تفصیلات کےمطابق گووندا گھر میں حادثاتی طور پر ریوالور سے فائرنگ چلنے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے تھے جنہیں فوری ممبئی کے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا،انکا کہنا تھا کہ گووندا کے گھٹنے سے ذرا نیچے گولی لگی ہے، انہیں 8 سے 10 ٹانکے آئے ہیں۔ اداکار کو آئندہ چند روز میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
دوسری جانب گووندا کی بیٹی ٹینا آہوجا بھی والد سے ملنے کےلیے اسپتال پہنچیں، لیکن اس دوران انہوں نے میڈیا سے بات چیت نہیں کی اور والد سے مل کر روانہ ہوگئیں۔
یاد رہے کہ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ 60 سالہ اداکار اپنی ہی غلطی سے چلی گولی سے زخمی ہوگئے تھے،اداکار کے منیجر نے بتایا تھا کہ کولکتہ میں ایک شو کےلیے صبح 6 بجے کی فلائٹ شیڈول تھی اور میں ایئر پورٹ پہنچ چکا تھا جبکہ گووندا جی اپنے گھر سے ایئرپورٹ کے لیے نکلنے والے تھے کہ یہ حادثہ ہو گیا،ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گری اور گولی چل گئی۔