سید علی گیلانی کا انتقال؛ قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان
08:23 PM, 1 Sep, 2021
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیرا عظم پاکستان عمران خان نے سینئر حریت رہنما کی وفات پر ایک روزہ سوگ اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مجاہدِ کشمیر سید علی گیلانی کی رحلت کی اطلاع پا کر بے حد رنجیدہ ہوں۔ وہ عمر بھر اپنے لوگوں اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے محوِ جدوجہد رہے۔ انھوں نے مزید لکھا کہ وہ قابض بھارتی ریاست کے ہاتھوں اسیری و اذیت کا نشانہ تو بنے مگر پوری طرح ثابت قدم رہے۔ پاکستان میں ہم ان کی باہمت و بے باک جدوجہد کو سلام پیش کرتے اور ان کے الفاظ کو اپنے دل و دماغ میں تازہ کئے ہوئے ہیں کہ: ”ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے“۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان کا قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور ہم سرکاری طور پر ان کی وفات کا سوگ منائیں گے۔