پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

02:53 AM, 1 Sep, 2022

احمد علی
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 7 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 235 روپے 98 پیسے ہو گئی ہے۔ حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 10 روپے 92 پیسے اضافہ کردیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 210 روپے 32 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔ لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 79 پیسے اضافہ کیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 201 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 99 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 247 روپے 43 پیسے ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ آئل کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سفارش آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) کو بھیجی تھیں، جس میں پیٹرول 2 روپے 98 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ آئل کمپنیوں‌نے اپنی سفارش میں ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 88 پیسے، مٹی کا تیل 16 روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل 12 روپے 93 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی تھی۔ یہ بھی پڑھیں: عوام پر ایک اور ظلم، بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ خیال رہے کہ گذشتہ روز بجلی کی قیمت میں 4 روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی گئی تھی۔ گذشتہ روز بجلی کی قیمت میں اضافے سے متعلق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔ صارفین سے جون کے مہینے کا ایف سی اے 9 روپے 90 پیسے فی یونٹ چارج کیا گیا تھا۔ جبکہ جولائی کا ایف سی اے جون کی نسبت 5 روپے 55 پیسے فی یونٹ صارفین سے کم چارج کیا جائے گا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق ایک ماہ کے لئے ہوگا، تاہم اس کا اطلاق لائف لائن صارفین کے علاوہ ڈسکوز کے تمام صارفین پر ہوگا۔ جبکہ اس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔
مزیدخبریں