وزیر داخلہ نے “نادرا بائیکر سروس “کا باقاعدہ افتتاح کردیا
12:14 PM, 1 Sep, 2022
اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نادرا بائیکر سروس ایک بہترین سہولت ہے، اسکا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلایا جائے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے “ نادرا بائیکر سروس “کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ چیئرمین نادرا نے وزیر داخلہ کو نادرا بائیکر سروس اور دیگر نئی شروع ہونے والی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ چئیر مین نادرا نے سیلاب زدہ علاقوں میں نادرا دفاتر اور ملازمین کو پیش آنے والے نقصانات کے بارے میں وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ نادرا رجسٹریشن سینٹرز کو ملک کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز تک پھیلایا جائے، تمام صوبوں میں بڑے قصبوں میں نادرا رجسٹریشن کیلئے سمارٹ سہولیات کا انتظام کیا جائے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نادرا بائیکر سروس ایک بہترین سہولت ہے، اسکا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلایا جائے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے آن لائن سہولیات کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے، نومولود بچوں کی رجسٹریشن کیلئے خودکار نظام قائم کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے نادار بائیکر سروس شروع کرنے پر چئیرمین نادرا اور اسکی ٹیم کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر چیئرمین نادرا نے کہا کہ بائیکر سروس کو پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعارف کرایا گیا ہے، سروس کو جلد ہی ملک کی تمام تحصیلوں تک پھیلا دیا جائے گا،شہری اس سروس سے ویب سائٹ، موبائل ایپ اور نادرا کال سینٹر کے ذریعے اس سروس سے مستفید ہو سکیں گے، سروس کے ذریعے اپلائی کیے گئے شناختی کارڈ درخواست دہندہ کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے۔