ایشیا کپ :سری لنکا بنگلہ دیش کو شکست دیکر سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا

06:23 PM, 1 Sep, 2022

احمد علی
دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے گروپ بی کے میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلادیش کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی ہے اور سپر فور مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ بنگلادیش کی جانب سے 184 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جسے سری لنکا نے 8 وکٹ کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کیا۔کوشل مینڈس 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بنگلادیش نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین 39 رنز بناکر نمایاں رہے، مہدی حسن 38، محموداللہ 27 اورشکیب الحسن نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ مصدق حسین نے برق رفتار اننگز کھیلی، مصدق حسین 9 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے ہسارنگا اور کرونارتنے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلادیش کے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا رہا، میچ کے چھٹے اوور میں نی سنکا 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اس کے بعد آسالنکا صرف ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔ کوشل37 گیندوں پر 60 اور شانکا نے 45 رنز بنائے۔ آخری اوور میں کرونارتنے اور فرنینڈو نے جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ کرونارتنے نے 10 گیندوں پر 16 جبکہ فرنینڈو نے 3 گیندوں پر 10 رنز بناکر سری لنکا کو 2 وکٹوں سے کامیابی دلا کر سپر فور مرحلے میں پہنچا دیا۔ واضح رہے کہ بھارت گروپ اے سے جبکہ افغانستان گروپ بی سے پہلے ہی سپر فور مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ سپر فور کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ کل پاکستان اور ہانگ کانگ کے ناک آؤٹ میچ کے بعد ہوجائے گا۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
مزیدخبریں