پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کئے ،حافظ نعیم الرحمان

11:42 AM, 1 Sep, 2024

ویب ڈیسک: امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہاہے کہ پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کئے ، 74فیصد نوجوان کہتے ہیں پاکستان میں نہیں رہنا۔

 تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے زیراہتمام میٹرک پوزیشن ہولڈرز طلبا کے اعزاز میں یوتھ ٹیلنٹ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ 100میگاواٹ کے پلانٹ کوکاغذات میں 150میگاواٹ دکھایا گیا، ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ہر دور میں آئی پی پیز سے معاہدے کئے،بجلی کا بل مکان کے کرائے سے زیادہ آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دائیں اور بائیں اے ٹی ایم ہوں تو اکیلا بندہ کیا کرے گا، مفاد پرست طبقہ ان پارٹیوں میں موجود ہوتا ہے، پاکستان میں لیڈر دعوے کرتا ہے اور پارٹی عوام کو لوٹ رہی ہوتی ہے،ہمیں اپنی سوچ، طرز سیاست اور تمام معاملات پر سوچنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کئے ہیں،74فیصد نوجوان کہتے ہیں پاکستان میں نہیں رہنا،ہمیں اپنی طرز سیاست بدلنا ہوگی،کون سا تعلیمی ادارہ جہاں منشیات نہیں مل رہی،افسوس ملک کے ہر تعلیمی ادارے تک منشیات پہنچ چکی ہیں،ہمارے بچوں کے جسموں میں منشیات کا زہر اتارا جا رہا ہے،تھانوں میں رشوت کا نظام اوپر تک چلتا ہے۔

مزیدخبریں